گھڑی کی ٹک ٹک

ایک تو میں اس گھڑی کی ٹک ٹک سے تنگ ہوں۔ ہم تو پہلے ہی وقت کے سلسلے میں خاصے پابند ہیں ۔ بس یوں کہیں کہ اگر انگریز وں سے آ گے نہ صحیح تو پیچھے بھی نہیں رہیں گے مقابلہ میں
دراصل ابا میاں وقتِ کے کچھ زیادہ ہی پابند تھے۔ ہمارے گھر میں ابا میاں کا ہی حکم چلتا تھا ۔ یوں وقت کی پابندی ہماری گھٹی میں شامل ہو گئ ۔
پر اب ہم اپنی اس وقت کی پابندی سے خاصے تنگ ہیں۔ کہیں جانا ہوتا ہے تو ہم مقررہ وقت کے مطابق تیار ہو کر بیٹھ جاتے ہیں ۔ گھر والوں پر جب نظر ڈالتے ہیں تو وہاں اک خامشی سب کے جواب میں ۔
ابھی تو استری گرم کی جا رہی ہے کپڑے نکالے جا رہے ہیں کہ کون سا جوڑا پہنا جائے ۔ ہم اپنی شرمندگی چھپانے کے لئے کمپیوٹر کا سہارا لے کر مصروف ہو جاتے ہیں کہ بچے بھی کیا کہیں گے کہ ہم گھومنے کے کس قدر شوقین ہیں وقت سے پہلے ہی تیار ہو کر بیٹھ گئے ۔ سوچتے ہیں کہ اگلی بار دیر سے تیار ہو ں گے ۔
پر برا ہو اس عادت کا ۔ وقتِ کی پابندی پیچھا ہی نہیں چھوڑتی ۔ بچپن کی عادتیں بھی کہیں آ سانی سے چھوٹا کر تی ہیں ۔
ہاں تو ہم گھڑی کی ٹک ٹک کا ذکر کر رہے تھے ۔ ایک تو ہم اپنی اس عادت سے عاجز ہیں ۔ بات کہیں سے شروع کر تے ہیں اور کہیں جا نکلثے ہیں
تو ہم کہ رہے تھے کہ ہم گھڑی کی ٹک ٹک سے بڑے تنگ ہیں
پتہ ہے کہ زندگی گزر رہی ہےاور ہر گزرتے لمحے کے ساتھ ہمارے دن کم ہو تے جارہے ہیں پر یہ ٹک ٹک ہتھوڑے کی طرح لگتی ہے ۔ یوں لگتا ہے کہ وقت ہاتھوں سے پھسلتا چلا جا رہا ہے ۔
خیر گھڑی کی ٹک ٹک ہمارا کچھ نہیں بگاڑ سکتی ۔ ہم نے تو پہلے ہی اپنے دن کے چوبیس گھنٹے خانوں میں بانٹ رکھے ہیں ۔ اللہ بھلا کرے کمپیوٹر کا ۔ کافی وقت اس کے ساتھ گزارتےہیں۔
پھر کچن ژندہ باد ۔ اور اگر موسم زیادہ خراب نہ ہو تو پہن اوڑھ کر سڑکیں ناپنے نکل جاتے ہیں ۔ کافی ہاؤس میں اکیلے بیٹھ کر چائے پینے کا بھی اپنا الگ ہی مزہ ہے۔
اگر اپنے آ پ سے دوستی کر لیں تو بہت سے مسئلے خود بخود حل ہو جاتے ہیں ۔ زندگی بڑی آ سان لگنے لگتی ہے ۔
سچ ہے کہیں پڑھا تھا
زندگی کا تعلق سائنس سے ہے
پر زندگی گزارنا ایک آ رٹ ہے
زندگی ایک معمہ ہے سمجھنے کا نہ سمجھانے کا ۔ زندگی گزارنے کا آ رٹ آ جائے تو زندگی معمہ نہیں رہتی ۔
سب کچھ ہمارے ہاتھ میں ہے
ہنس کر گزاریں یا اسے رو کر گزار یں۔
بس ایک دن کا حساب رکھیں ۔ ایک دن کے لئے مصروفیت ڈھونڈ لیں ۔ باقی سب خیر ہے۔ کل کس نے دیکھی ہے ۔ جو گزر گیا اسے بھول جا ئں ۔ آ ج کا دن اچھا گزار لیں۔ تو زندگی آ سان ۔ حسین خوبصورت ۔
Comments
Post a Comment