چکن بریانی
ہم سکون سے بیٹھے ہوئے ہیں ۔ کافی کام پڑا ہوا ہے پھر آ ج شازیہ نے بھی آ نے کو کہا ہے ۔ اس کے آ نے کا پتہ ہی نہیں ہو تا ۔ کبھی جو صحیح وقت پر آ ئے ۔ سارے دن کا حساب کتاب رکھنا ہو تا ہے ۔ بس انتظار کر تے رہو ۔ دن کے کسی بھی حصے میں ٹپک پڑے گی ۔ اب انسان کیا بنائے کیا پکائے ۔ کھانے کا انتظام کریں تو کیسے ۔ وہ تو شکل دکھا کر چل دے گی۔ اگر کھانا نہ کھایا تو ا س کھانے کا کیا ہوگا ۔ جو ہم نے اس کے لئے بنایا ہوا ہے۔ بچوں نے تو جانو قسم کھا رکھی ہے کہ سالن روٹی دال ترکاری کو ہاتھ نہیں لگائیں گے ۔ لے دے کے بس ایک چکن ہی رہ جاتی ہے۔ وہی اوڑھنا ہے وہی بچھونا ۔ پھر اس کے بعد چاول۔ پسٹا ۔ نوڈلس قسم کی چیزوں پر استخارہ آ تا ہے۔ روٹی تو جانو ممنوعہ ہے ۔ شاید حضرت آ دم یاد آ جاتے ہوں اسی لئے ہاتھ نہیں لگا تے ۔ ایک ہم ہیں کہ ہمارا روٹی کے بغیر گزارہ نہیں ۔ ہاں تو ہم کہ رہے تھے کہ آ ج شازیہ کے آ نے کا ہے ۔ اس کا کچھ پتہ نہیں کہ انیلہ کو بھی ساتھ لے آ ئے۔ وہ ایسی ہی ہے من موجی ۔ ہماری طرح نہیں کہ ہر چیز پر بڑی سوچ بچار کر یں پھر قدم اٹھائیں ا...