پگڈنڈیاں
جنوری کا مہینہ ابھی شروع ہوا ہے ۔ شروع ہوئے بھی بس دو چار ہی روز گزر ے ہیں ۔ موسم سرد ہے صبح سویرے سے برفباری ہو رہی ہے دن بھر چلے گی محکمہ موسمیات نے پیشین گوئی کر دی ۔ گویا پتھر کی لکیر ہے ۔ یہاں کے لوگوں کو آ خر ہر بات کی پہلے سے ہی کیسے خبر ہو جاتی ہے ۔ ہم تو ایک چاند پر ہی الجھے رہتے ہیں کہ عید آ خر ہو گی تو کس دن ۔ ہر طرف چاندی سی بکھری ہوئی ہے ۔ درختوں میں روئی کے گالے کپاس کے پھولوں کی مانند فضا کو چار چاند لگا دیے ہیں ۔ سورج دھیما دھیما سہما سہما سا سرمئی آ سمان میں سے آ نکھیں ملتا ہوا دکھائی دے رہا ہے قدرت کے بھی کتنے رنگ کتنے روپ ہیں ۔ ہر روپ نرالا ۔ نیا سال بھی دبے پاؤں آ ہی پہنچا ۔ خیر دبے پاؤں تو نہیں خاصے دھوم دھڑکے سے آ یا ۔ یہاں لوگ بڑے زندہ دل ہیں ۔ تیار بیٹھے ہوتے ہیں خوشیاں منانے کے لئے ۔ بس بہانہ چاہیے ۔ کرسمس کے لئے ہفتوں پہلے سے تیاریاں شروع ہو جاتی ہیں ۔ شاپنگ مال میں ڈیل لگی ہوئی ہے لوگ خریداری میں مصروف ۔ مال بھرے ہوئے ۔ پھر نیو ایئر تو کرسمس کے ساتھ ہی جڑا ہوا ہے ۔ وہاں سے فارغ نہیں ہوئے کہ نیا سال سر پر آ گیا ۔ بس ...